اسلام آباد میں کالے شیشے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 1 دن میں 1332 چالان

    اسلام آباد میں پولیس نے فینیسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پولیس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشے والی 1332 گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی اور اُن پر چالان کیے۔

    اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دارالحکومت میں فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔ پولیس افسران کو بھی ہدایات کی گئی ہیں کہ کالے شیشے استعمال نہ کریں۔

    ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی طرف سے خصوصی ناکے لگائے گئے ہیں، جہاں چیکنگ کے دوران کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

    اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع پکار 15 یا آئی سی ٹی 15 ایپ پر دیں۔