ایف آئی اے کی کالز سینٹر پر کارروائی میں تین جعلی بینک نمائندے گرفتار

    فوٹو ایکسپریس

    فوٹو ایکسپریس

      کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بینک نمائندہ بن کر کالز کرنے والے گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سائبر کرائم سرکل کراچی نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث جنریشن 96 نامی کال سینٹر پر چھاپہ مارکارروائی کی،کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں عبدالحمید، شاہان افضل اور نعمان علی شامل ہیں،ملزمان خود کو بینک نمائندہ ظاہر کر کے جعلی کال کرتے تھے، ملزمان مذکورہ کالز کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے تھے اور جعل سازی سے صارفین کے ڈیبٹ کارڈ کی تفصیلات حاصل کر کے غلط استعمال کرتے تھے۔

    ملزمان جعل سازی سے حاصل کردہ ڈیبٹ کارڈز کو ہوائی ٹکٹ خریدنے اور ہوٹل کی بکنگ کے لئے استعمال کرتے تھے۔ مذکورہ کارڈز سے مقامی اور بین الاقوامی طلباء کے لیے داخلہ فیس بھی ادا کرتے تھے جبکہ ملزمان جائیداد کی خریداری سمیت مختلف لین دین کے لیے بھی ڈیبٹ کارڈز کا استعمال کرتے رہے  ہیں۔

    جبکہ ملزمان دھوکا دہی سے گاہکوں کو مختلف مصنوعات کی خریداری پر آمادہ کرتے تھے،ملزمان نے جعلی ویب سائٹس بھی بنا رکھی تھیں۔ ملزمان کی جانب سے پیسے وصول ہونے کے باوجود پراڈکٹ ڈیلیور نہیں کی جاتیں تھیں،گرفتارملزمان کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا،دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔