جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سہ فریقی سیریز کیلئے پاکستان آئیں گی، چیئرمین پی سی بی

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دبئی میں دونوں بورڈ کے چیئرمینز سے ملاقات کی—فوٹو: ایکسپریس نیوز

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دبئی میں دونوں بورڈ کے چیئرمینز سے ملاقات کی—فوٹو: ایکسپریس نیوز

     دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں اگلے برس فروری میں سہ فریقی سیریز کھیلنے پاکستان آئیں گی۔

    چئیرمین  پی سی بی محسن نقوی نے دبئی میں آئی سی سی اجلاس کی  سائیڈ لائن پر جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے چئیرمین لاسن نیڈوو اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کےچیئرمین راجر  ٹوسے ملاقات کی اور پاکستان میں فروری میں تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کو حتمی شکل دی گئی۔

    ٹرائی سیریز ٹورنامنٹ پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا اور اس حوالے سے ملاقات کے دوران ٹرائی سیریز کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان میں کرانے کے معاملات کو حتمی شکل دی گئی۔

    چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سہ فریقی سیریز کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلنے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں جنوری کے آخر میں پاکستان آئیں گی۔

    محسن نقوی نے اس موقع پر جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز کے چیئرمینز کو  بھی پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ سہ فریقی سیریز کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان میں کئی برس بعد ہو گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سہ فریقی سیریز کرکٹ ٹورنامنٹ کھیلنے پر جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز کے چیئرمینز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پی سی بی  کی کاوشوں سے چمپئنز ٹرافی کو بھی آئی سی سی کے ایجنڈے میں شامل کیا گیا، چمپئنز ٹرافی فروری میں پاکستان میں ہو گی اور دنیائے  کرکٹ کی صف اول کی 8 ٹیمیں حصہ لیں گے۔