راولپنڈی؛ بیوپاری کو چلتی گاڑی کیساتھ باندھ کر سڑک پر گھسیٹنے کا واقعہ، 2ملزمان گرفتار

    فوٹو : اسکرین گریب

    فوٹو : اسکرین گریب

     راولپنڈی: تھانہ گوجرخان کے علاقے میں مسلح ڈاکو پولڑی کے بیوپاری کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے نقدی چھینے کے بعد چلتی گاڑی کے ساتھ باندھ کر سڑک پر گھسیٹتے رہے۔

    واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں بیوپاری کو گاڑی کے ساتھ سڑک پر گھسیٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ مدعی مقدمہ ہارون رشید کے مطابق مرغی سپلائی کرنے بعد مختلف دکانداروں سے بقایاجات اکھٹے کر رہا تھا اور 10لاکھ روپے کی رقم وصول کرکے قمیض کے نیچے پہنی بنیان کی جیبوں میں رکھ لیے۔

    بہار کالونی سے گلیانہ موڑ پر مزید دکانداروں سے وصولی کے لیے جا رہا تھا کہ سفید رنگ کی کار میں سوار تین ملزمان نے اچانک گاڑی روک کر اندر کھینچ لیا۔ ملزمان نے رقم چھیننا شروع کی تو موقع پاکر ڈیڑھ لاکھ روپے والا شاپنگ بیگ گاڑی سے باہر پھینک دیا۔ مزمان نے سر پر پستول کے بٹ مارے اور بقایا رقم چھین لی۔

    مدعی مقدمہ کے مطابق بعدازاں گردن میں گاڑی کی سیٹ بیلٹ ڈال کر باہر سڑک پر لٹکا کر گاڑی کے ساتھ گھسیٹتے لے گئے اور گھسیٹتے ہوئے کافی فاصلے کے بعد سڑک کنارے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    Police arrest

    پنجاب ہائی پیٹرولنگ پولیس مسہ کسوال کے عملے نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرکے بیوپاری سے ڈکیتی کرکے فرار ہونے والے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس افسر کے مطابق مسہ کسوال باؤنڈری پر موجود تھا کہ ایک شہری نے اطلاع  کی کہ سفید رنگ کی کار ایک شخص کو پنڈ متے خان جی ٹی روڈ پر زخمی حالت میں پھینک کر راولپنڈی کی جانب گئی ہے، اطلاع ملتے ہی مسہ باؤنڈری پر ناکہ بندی کرائی گی۔

    مطلوبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی لیکن کار سوار ناکہ بندی توڑ کر بھاگ نکلے جن کے تعاقب پر تین کار سوار کچھ فاصلے پر گاڑی چھوڑ کر جنگل میں فرار ہوگئے۔

    حکام پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ پولیس راولپنڈی کے مطابق ملزمان کا تعاقب کرکے دو ملزمان محمد فیاض اور فیاض خان جن کا تعلق ابیٹ آباد سے ہے کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان کا تیسرا ساتھی فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔