راولپنڈی میں جائیداد کے تنازع پر بیوہ خاتون اور بیٹیوں پر تشدد، وزیراعلیٰ کا نوٹس

    پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا—فوٹو: ایکسپریس نیوز

    پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا—فوٹو: ایکسپریس نیوز

     راولپنڈی: تھانہ سول لائن کے علاقے شیر زمان کالونی میں جائیداد کے تنازع پر بیوہ خاتون اور ان کی بیٹیوں پر دیور کی جانب سے تشدد کیا گیا جبکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے معاملے پر نوٹس لیا۔

    ایکسپریس نیوز کے مطابق بیوہ خاتون اور ان کی بیٹیوں  سے بدسلوکی اور دھمکیاں دینے کا معاملہ جائیدار کی وجہ سے تھا تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے قانونی کاروائی کا آغاز کردیا اور وزیر اعلی پنجاب کو بھی رپورٹ ارسال کردی گئی ہے۔

    قبل ازیں راولپنڈی کی شیر زمان کالونی میں بیوہ خاتون اور دو بیٹوں پر بیلچے سے مبینہ تشدد اور دھمکیاں دینے کا واقعہ سامنے آنے پر  وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے نوٹس لیا تھا اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔

    وزیر اعلی پنجاب کے نوٹس پر ایس ایس پی آپریشن راولپنڈی حافظ کامران اور ڈی ایس پی سول لائن متاثرہ خاتون کے گھر پہنچے اور حقائق جمع  کیے۔

    پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ خاتون کا شوہر سید اظہر علی 10 سال قبل وفات پا چکا ہے اور مرحوم کے 60 سالہ بھائی ریاض علی شاہ نے دو سال قبل شادی کی اور وہ بھی اسی گھر میں مقیم ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ فریقین کے مابین جائیداد کا تنازع ہے اور معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے لیکن ملزم ریاض علی شاہ نے اپنے مرحوم بھائی کی بیوہ پر بیلچے سے حملہ کیا اور دوسرے بھائی نے بھی فون پر دھمکیاں دیں۔

    راولپنڈی پولیس نے تشدد میں ملوث دیور ریاض شاہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے اور دوسرے دیور افتخار شاہ کے خلاف بھی کارروائی شروع کردی ہے اور ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی حافظ کامران نے بیوہ خاتون کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

    سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ‘خواتین پر تشدد اب نہیں’ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور پولیس خواتین پر تشدد،  ہراسانی اور زیادتی کے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواتین پر گھریلو تشدد قطعاً برداشت نہیں اور یہ حکومت کی ریڈ لائن ہے۔