سبی میں پی ٹی آئی کی ریلی گزرنے کے دوران دھماکا، 4 افراد جاں بحق

     کوئٹہ: سبی کے علاقے جناح روڈ پر پی ٹی آئی کی ریلی گزرنے کے دوران دھماکا ہوا جس کے سبب 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

    ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے علاقے سبی میں تحریک انصاف کی ریلی جناح روڈ سے گزرنے کے دوران دھماکا ہوا جس کے سبب 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

    امدادی ادارے کے مطابق زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، زیادہ تشویش ناک حالت والے زخمیوں کو کوئٹہ کے اسپتال منتقل کیے جانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    سیکرٹری محکمہ صحت بلوچستان عبداللہ خان نے سبی دھماکے کے پیشں نظر سبی سمیت کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔

    ایم ایس سبی اسپتال کے مطابق بم دھماکے کے چار زخمیوں کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سبی میں علاج جاری ہے۔

    اسی ضمن میں ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع سبی میں سیاسی جماعت کی ریلی میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر سبی خدائے رحیم میروانی نے کہا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے، زخمی 5 افراد کا علاج جاری ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید تحقیقات کررہے ہیں۔

    The post سبی میں پی ٹی آئی کی ریلی گزرنے کے دوران دھماکا، 4 افراد جاں بحق appeared first on ایکسپریس اردو.