سندھ میں صنعتوں اورسی این جی اسٹیشنزکو گیس کی فراہمی 48 گھنٹے معطل رہے گی

      کراچی:  سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ میں تمام صنعتوں بشمول ان کے پاور جنریشن یونٹس اور سی این جی اسٹیشنز کے لیے 48 گھنٹے کی گیس کی بندش کا اعلان کردیا۔

    ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق صنعتی یونٹس، کیپٹیو پاور پلانٹس اور سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی اتوار 4 فروری صبح 8 بجے سے منگل 6 فروری صبح 8 بجے تک بند رہے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن کے سسٹم میں گیس کی فراہمی میں کمی کی وجہ سے گیس کی دستیابی میں کمی آئی ہے، لائن پیک متاتر ہوا ہے جس کے نتیجے میں سسٹم میں پریشر کی کمی ہے.

    اوگرا کی طرف سے صنعتی صارفین کے لیے GSA کی منظور شدہ شق نمبر 14 کے مطابق اور وفاقی کابینہ کے ECC کے منظور شدہ سیکٹرل ترجیحی آرڈر کے مطابق گیس لوڈ کو مؤثر طریقے سے منظم کرنے کی اجازت دی گئی ہے.

    گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت، تمام صنعتیں بشمول ان کے پاور جنریشن یونٹس اور سندھ میں تمام سی این جی اسٹیشنز (بشمول جو آر ایل این جی پر چلائے جارہے ہیں) اڑتالیس (48) گھنٹے کے لیے بند رہیں گے۔

    ترجمان کے مطابق گیس کی  اس بندش کی مدت کی خلاف ورزی کرنےو الے تمام صنعتی صارفین کے خلاف سخت کارروائی  کی جائے گی اور ان صارفین کو گیس کی فراہمی کم از کم 7 دنوں کے لیے منقطع کر دی جائے گی.

    The post سندھ میں صنعتوں اورسی این جی اسٹیشنزکو گیس کی فراہمی 48 گھنٹے معطل رہے گی appeared first on ایکسپریس اردو.