سینیٹ انتخابات؛ بلوچستان سے 28 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع

     کوئٹہ: سینیٹ انتخابات کیلئے بلوچستان سے مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے 28 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

    ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کے لئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ ہفتہ کو جاری رہا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت شام 6 بجے تک تھا۔

    بلوچستان سے مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے 28امیدواروں نے ابتک کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں ن لیگ کے اورنگ زیب کھیتران، راحت جمالی،آغا شاہ زیب درانی، سید الحسن مندوخیل اور نسیمِ الرحمن شامل ہیں۔

    پیپلز پارٹی کی طرف سے چنگیز جمالی ،حسنہ بانو،سردار عمر گورگیج،بلال مندوخیل،طارق مسوری بگٹی عشرت زہری اور کرن بلوچ کے کاغذات جمع کرائے گئے ہیں۔

    جے یوآئی کی جانب سے احمد خان خلجی، مولانا عبدالواسع، قاری رحمت اللہ ایڈووکیٹ، بی بی کلثوم اور امان اللہ کنرانی کے کاغذات جمع کرائے گئے ہیں۔

    پیپلز پارٹی اور نیشنل پارٹی کے مشترکہ امیدوار جان محمد بلیدی جبکہ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے مشترکہ امیدوار ایمل ولی خان کے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرائے گئے ہیں۔

    آزاد امیدوارڈاکٹرحسین اسلام، اعجاز احمد، ثنا جمالی جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے کہدہ بابر، مبین خلجی کے کاغذات نامزدگی بھی جمع ہوگئے ہیں۔