عدالتی فیصلوں سے ثابت ہو رہا ہے کہ چور کون تھا، مریم اورنگزیب

     لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں سے ثابت ہو رہا ہے کہ چور کون تھا۔

    پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی ترجمان مسلم لیگ ن اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ روز فیصلے آ رہے ہیں ، آر ٹی ایس بٹھا کر چور ملک پر مسلط کیے گئے تھے ، اس وقت بھی ہم اس کا اظہار کرتے رہے ، لیکن ساری اپوزیشن پر کیسز بنا کر جیلوں میں ڈال دیا گیا ، چور چور کا شور مچا کر بیانیہ بنایا گیا، اب جو فیصلے آ رہے ہیں ان سے ثابت ہو گیا ہے کہ ایک چور کون تھا ۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ 2013 سے 2017 تک کی بھی آئی تھی، تب یہ 140 سے 117 پر انڈیکس پہنچ گیا تھا ۔ تب لوڈشیڈنگ ختم کی گئی، ایل این جی آئی، موٹر ویز بنیں، اسپتال، اسکول بنے۔ ان سب کے باوجود گورننس اچھی رہی کیونکہ وزیراعظم سچا اور امین تھا ۔ یہی بیوروکریٹ، یہی نظام تھا، مقامی اور بین الاقوامی سطح پر خریداری کے معاہدے ہوئے لیکن ایک ایک پیسہ امانت سمجھ کر خرچ کیا گیا ۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس کے بعد 2018 سے 2022 کی ایک رپورٹ آئی، وہی نظام تھا لیکن کرپشن انڈیکس پھر 140 تک گر جاتا ہے ۔ اس دور میں کوئی منصوبہ نہیں بنا مگر گوگی پنکی کوریڈور ضرور بنا۔ عثمان بزدار جیسوں کو اقتدار میں بٹھایا گیا جس نے کرپشن کا بازار گرم کر دیا ۔ 25 ہزار ارب کا قرض لیا گیا لیکن سب کہاں گیا ؟۔ اتنا قرضہ لیا لیکن دوسروں کو چور کہتے رہے حالانکہ چور خود تھے ۔

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اس رقم سے غریب کو سستی روٹی مل سکتی تھی، نوجوانوں کو روزگار مل سکتا تھا لیکن  وہ سب کھا گئے ۔  انہوں نے ڈیلی میل کے صحافی کو بلا کر اسٹوری کروائی لیکن کوئی ثبوت نہیں ملا ۔ نواز شریف پر پاناما کا کیس بنایا لیکن سزا بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر دی ۔ انہوں نے اپنی پوری سیاست اور بیانیہ دوسروں کو چور چور کہنے پر بنایا۔ شہباز شریف کی 16 ماہ کی حکومت میں دوبارہ ترقیاتی منصوبے لگنا شروع ہوئے۔

    The post عدالتی فیصلوں سے ثابت ہو رہا ہے کہ چور کون تھا، مریم اورنگزیب appeared first on ایکسپریس اردو.