مشہور ٹک ٹاکرکے شوہر کو قتل کرنے والاملزم مسقط سے گرفتار

    ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے سیالکوٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا—فوٹو: ایکسپریس

    ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے سیالکوٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا—فوٹو: ایکسپریس

     لاہور: پنجاب پولیس نے دو برس قبل مشہور ٹک ٹاکر کے میاں کو ان کے ساتھ مل کر قتل کرنے والے اشتہاری ملزم کو مسقط سے گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق قتل کی واردات کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑی کاروائی کی گئی اور مشہور ٹک ٹاکر میمونہ ارم شہزادی کے شوہر کو قتل کرنے والا اشتہاری ملزم کو مسقط سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پنجاب پولیس نے بتایا کہ اشتہاری ملزم رضوان علی نے تھانہ اگوکی کے علاقے میں ٹک ٹاکر میمونہ ارم شہزادی کے ساتھ مل کر ان کے شوہر کو قتل کیا تھا۔

    بیان میں کہا گیا کہ ملزم نے قتل کی واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی ناکام کوشش کی تھی اور بعدازاں روپوش ہو کر بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔

    پولیس نے کہا کہ صوبائی پولیس کے اسپیشل آپریشن سیل نے اشتہاری ملزم کو بذریعہ انٹرپول دو برس بعد گرفتار کرلیا ہے، اشتہاری ملزم کے ریڈ نوٹس جاری کروا کر مسقط سے بے دخل کروایا گیا۔

    پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے سیالکوٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    بیرون ملک سے اشتہاری ملزمان کی گرفتار کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ رواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری ملزمان کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

    انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اسپیشل آپریشنز سیل کو کامیاب کارروائی پر شاباش دی اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جلد مکمل کرکے قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔