وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں آئی ایم ایف سے معاہدے کا جائزہ لیا گیا

    وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس ہوا—فائل: فوٹو

    وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس ہوا—فائل: فوٹو

     لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزرا کے اجلاس میں عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے اسٹینڈ بائی معاہدے اور نئے پروگرام کے خدوخال کا جائزہ لیا گیا اور اہم حکومتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ماڈل ٹاؤن لاہور میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشاورتی بیٹھک ہوئی، جس میں وفاقی وزرا اور متعدد ارکان اسمبلی نے شرکت کی، اجلاس میں شرکت کرنے والے وفاقی وزرا میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور رکن قومی اسمبلی رشید اکبر نوانی شامل ہیں۔

    ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معاشی اہداف پر وزیراعظم کو بریفنگ دی، آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی معاہدے اور نئے پروگرام کے خدوخال کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس سے باخبر پارٹی ذرائع نے کہا کہ اسٹینڈ بائی معاہدے سے پاکستان کو 1.1 ارب ڈالر کی قسط کے اجرا سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وفاقی وزیر مصدق ملک نے وزیر اعظم شہباز شریف کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اہم حکومتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔