کراچی میں بچوں کے جھگڑے پرہونے والے جرگے میں جھگڑا، 6 افراد زخمی

      کراچی: شاہ لطیف قذافی ٹاؤن میں جھگڑے پر ہونے والے جرگے میں بھی جھگڑا ہوگیا اور اس دوران فائرنگ، لاٹھی اور ڈنڈوں کے وار سے 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق شاہ لطیف کے علاقے  قذافی ٹاؤن الفضل بیکری کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ اور لاٹھی اور ڈنڈے لگنے 6 افراد زخمی ہوگئے تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پالیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ایس ایچ او شاہ لطیف محمد وکیل نے بتایا کہ جمعرات کی شام کو بچوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اور پولیس نے دونوں فریقین کو میڈیکل لیٹر دے کر اسپتال بھیج دیا تھا تاہم رات کو فریقین کے درمیان جرگہ ہو رہا تھا کہ اس دوران ہونے والی تلخ کلامی جھگڑے میں تبدیل ہوگئی جس میں فائرنگ، لاٹھی اور ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے ایک شخص پاؤں پر گولی لگنے سے جبکہ دیگر 5 افراد لاٹھی اور ڈنڈے لگنے سے زخمی ہوئے، پولیس نے متعدد افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    The post کراچی میں بچوں کے جھگڑے پرہونے والے جرگے میں جھگڑا، 6 افراد زخمی appeared first on ایکسپریس اردو.