کراچی میں شام پانچ سے افطار تک چالان نہ کرنے کی ہدایت

      کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے عہدہ سنبھالتے ہی ہدایت کی ہے کہ شام پانچ بجے کے بعد سے افطار تک شہریوں کے چالان نہ کیے جائیں اور افسران یا اہلکار شہریوں کے ساتھ بدتمیزی نہ کریں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ماتحت افسران سے اسکاؤٹ آڈیٹوریم میں اپنے پہلے خطاب میں پالیسی گائیڈ لائن دے دی۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو ہر صورت یقینی بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے ، ٹریفک اہلکار عوام کے ساتھ اچھا رویہ اپنائیں۔ ڈی آئی جی نے ہدایت کی کہ شام 5 بجے سے افطار تک ٹریفک پولیس کا کوئی بھی افسر چالان نہیں کریگا بلکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے گا تاکہ شہری باآسانی اپنے گھروں کو پہنچ کر روزہ افطار کر سکیں۔

    احمد نواز چیمہ نے کہا کہ اگر کوئی فیملی کے ہمراہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کو چالان کے بجائے وارننگ دی جائے اور ان کی رہنمائی کی جائے جبکہ ون وے کی خلاف ورزی پر توجہ مرکوز رکھی جائے جس کی وجہ سے نہ صرف حادثات رونما ہوتے ہیں بلکہ ٹریفک کی روانی میں متاثر ہو جاتی ہے۔

    انہوں نے واضح طور پر احکام جاری کیے ہیں کہ افسران و اہلکار اگر کسی کے ساتھ بدتمیزی یا جھگڑا کریں گے تو ان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی ، چالاننگ افسران صرف موونگ وائلیشن کے چالان کریںگے ، شاہراہوں اور اہم سڑکوں کے موڑ پر گاڑیوں ، رکشوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی کو ہوتی ہے لہذا ان مقامات پر پارکنگ کے عمل کو روکا جائے۔

    ڈی آئی جی نے ہدایت دی کہ چلاننگ آفیسر باڈی وارن کیمرے کے بغیر چالان نہیں کریںگے اور نہ ہی افسران و اہلکار ایک ساتھ کھڑے ہونگے ، شاہراہ فیصل پر فاسٹ لین کی پابندی کو یقینی بنائیں اس کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل سواروں کو بائیں جانب لین میں چلنے کی ہدایت دیں۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ افسران اضافی نشستوں والے رکشوں کی جگہ جگہ پارکنگ ختم کروائیں۔ احمد نواز چیمہ نے کہا کہ تمام سیکشن اپنے ایریاز کے حساب سے لفٹنگ کی ٹائمنگ کے بورڈ آویزاں کریںگے اور گاڑیوں کی لفٹنگ کا ایک مخصوص ٹائم مقرر کیا جائے۔