کورنگی ڈکیتوں کی جنت، زخمی خاتون جاں بحق، 69 روز میں 38 شہر قتل

      کراچی: شہر قائد کے ضلع کورنگی کے علاقے عوامی کالونی کورنگی نمبر 6 گلشن مارکیٹ میں ویلڈنگ کی دکان کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والی خاتون 38 سالہ صائمہ دوران علاج دم توڑ گئی۔

    اس حوالے سے عوامی کالونی تھانے کے پولیس افسر منصور نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ گزشتہ ماہ 27 فروری کو ویلڈنگ کی دکان پر پیش آیا تھا جس میں 60 سالہ قاسم اور اس کا بیٹا حارث بھی زخمی ہوئے تھے جس کا مقدمہ پولیس نے حارث کی مدعیت میں درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا تاہم زخمی ہونے والی خاتون صائمہ کچھ روز قبل دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

    واضح رہے کہ رواں سال کے دوران ڈسٹرکٹ کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی جس میں 2 سال کی بچی حورین اور خاتون صائمہ بھی شامل ہے جبکہ مجموعی طور پر شہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 38 ہوگئی ۔

    کورنگی میں چند روز قبل نوجوان ہونہار طالب علم لاریب کو گھر کے قریب ڈکیتوں نے مزاحمت پر قتل کیا اس کے علاوہ فیاض احمد اور فدا حسین نامی شہری بھی ڈکیتوں کی گولیوں کا نشانہ بنے ہیں۔