گٹر میں بچہ گرنے پر واٹر بورڈ اور کے ایم سی حکام پر قتل کا مقدمہ

    6 سالہ ابیان پیر پھسلنے سے گہرے مین ہول میں گر کر لاپتا ہوگیا تھا

    6 سالہ ابیان پیر پھسلنے سے گہرے مین ہول میں گر کر لاپتا ہوگیا تھا

     کراچی: گلشن اقبال میں 6 سالہ بچے کے کھلے مین ہول میں گرکرلا پتا ہونے کے واقعے کا مقدمہ 10 ماہ کے بعد عزیز بھٹی تھانے میں والد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

    مقدمہ قتل بالسبب کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا، جس میں واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی انتظامیہ اورمیونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ حکام کو نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 13 ڈی 2 رحمٰن اسکوائرکے عقب اورعون ہائٹس کے سامنے کرکٹ کھیلتے ہوئے6 سالہ ابیان ولد عاطف الدین کے کھلے مین ہول میں گرکرلا پتا ہونے کے واقعےکامقدمہ 10 ماہ کے بعد عزیز بھٹی تھانے میں والد کی مدعیت میں قتل بالسبب کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا، جس میں واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایکس سی این وقار،انجنئیر اعجاز زیدی ،میونسپل کارپوریشن کے اعلیٰ حکام کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق 6 سالہ ابیان 6 مئی 2023 کواپنے بڑے بھائی 10 سالہ عارب الدین اور محلے کے دیگر دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہا تھا۔ کھیلتے ہوئے گیند کھلے مین ہول میں جاگری۔ ابیان گیند لینے گیا اور مین ہول کے قریب کھڑا تھا کہ پیر پھسل جانے سے مین ہول میں گر گیا۔

    ابیان کے بھائی نے شور مچایا اور اہل خانہ کو بتایا ، جس پر گھر والے اور دیگر علاقہ مکین کھلے مین ہول کی جانب بھاگ کر پہنچے، تاہم مین ہول میں پانی کا بہاؤ بہت تیز اورگہرائی زیادہ تھی۔ اطلاع دینے کے آدھے گھنٹے بعد ایدھی کی ٹیم پہنچی، لیکن کوئی متعلقہ انتظامیہ نہیں آئی۔

    کے ایم سی اورواٹر اینڈ سیوریج بورڈ انتظامیہ تاخیر سے آنے کے بعد بھی ناکام رہے۔ رات گئے سڑک کی کھدائی کی گئی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ واٹر بورڈ ایکس سی این نے ہماری کوئی بات نہیں سنی اوراطراف کی تمام سڑکیں کھود ڈالیں۔ تمام کوششوں کے باوجود ابیان کاکوئی سراغ نہیں مل سکا۔واقعہ انتظامیہ کی غفلت کے باعث ہوا۔

    پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد تفتیش شروع کردی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔