ینگسٹرز کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلنے کا موقع مل گیا

    انٹر کالجیٹ کرکٹ کا لاہور میں آغاز، محسن نقوی نے ٹرافی کی رونمائی کردی۔ فوٹو: پی سی بی

    انٹر کالجیٹ کرکٹ کا لاہور میں آغاز، محسن نقوی نے ٹرافی کی رونمائی کردی۔ فوٹو: پی سی بی

    لاہور / کراچی: ینگسٹرز کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلنے کا موقع مل گیا جب کہ رمضان انٹر کالجیٹ ٹی20 ٹورنامنٹ کا لاہور میں آغاز ہوگیا۔

    گزشتہ روز قومی ترانے کے بعد محسن نقوی نے ٹرافی کی رونمائی کرتے ہوئے ایونٹ کا افتتاح کیا، بعد ازاں ایم اے او کالج اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے مابین میچ شروع ہوا، فائنل 8اپریل کو کھیلا جائے گا۔

    لاہور لیگ کے میچز ایل سی سی اے گراؤنڈ سے قذافی اسٹیڈیم منتقل کر دیے گئے،شریک ٹیمیں پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں موجود ہوم اور اوے ڈریسنگ رومز استعمال کریں گی، ٹورنامنٹ کی پچز اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف کے ذریعے تیار کی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی سے قبل 3 بڑے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن ہوگی، محسن نقوی

    پی سی بی نے تماشائیوں کو کھیل دیکھنے کیلیے مفت داخلے کی اجازت بھی دے دی ش، فضل محمود انکلوژر کو میچ شروع ہونے سے ایک گھنٹے قبل کھول دیا جائے گا، ایونٹ میں شریک 10ٹیموں کے مابین 21 میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے تاکہ مسابقتی کرکٹ میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے، پورے ٹورنامنٹ کے لائیو اسکورز بھی دستیاب ہوں گے۔

    دوسری جانب کراچی ریجن ٹورنامنٹ ہفتے کوشروع ہوگا، ایونٹ میں شہر کے10 منتخب کالجز کی ٹیموں کے درمیان لیگ کی بنیاد پر عیدگاہ گراؤنڈ ناظم آباد اور آئی بی اے کراچی یونیورسٹی گراؤنڈ پر میچز کھیلے جائیں گے۔

    افتتاحی تقریب میں کراچی ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے اونر ندیم عمر مہمان خصوصی ہوں گے، فائنل 4 اپریل کو طے ہے، فاتح ٹیم 5 لاکھ اور رنر اپ ٹیم ڈھائی لاکھ روپے انعام کی حقدار ہوگی، ہرمیچ کے بہترین کھلاڑی کو5 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔