سرگودھا میں نجی اسکول کے ٹیچر کے تشدد سے طالب علم جاں بحق

    سرگودھا کے نواحی علاقے بدر رانجھا میں ٹیچر کے تشدد سے نویں جماعت کا طالب علم جاں بحق ہوگیا، پولیس نے چودہ گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بدر رانجھا کے علاقے میں نجی اسکول کے ٹیچر سمیع اللہ نے سبق یاد نہ کرنے پر نویں جماعت کے طالب علم کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اُس کی ٹانگ کی ہڈی دو جگہ سے اور کمر کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔

    بچے کو اہل خانہ تشویشناک حالت میں بدر رانجھا کے سرکاری اسپتال لے کر پہنچے جہاں دوران علاج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    پولیس نے اہل خانہ کی مدعیت میں تھانہ مڈھ رانجھا میں مقدمہ درج کیا اور 14 گھنٹے کے اندر ملزم سمیع اللہ کو گرفتار کرلیا، جس نے ابتدائی تفیش میں بچے پر تشدد کا اعتراف کیا ہے۔