غلطی سے سرحد پارجانےوالا نوجوان کئی سال بھارت میں قید کاٹ کروطن واپس پہنچ گیا

    فوٹو: ایکسپریس نیوز

    فوٹو: ایکسپریس نیوز

     لاہور: غلطی سے سرحد عبور کرنے والا پاکستانی نوجوان کئی سال بھارتی جیل میں قید کاٹ کر وطن واپس پہنچ گیا، 31 سالہ شمعون کو بی ایس ایف انڈیا نےمنگل کے روز واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز پنجاب کے حوالے کیا۔ 

    ایکسپریس نیوز کو حاصل ہونے والی تفصیلات کے شمعون غلطی سے بھارتی سرحد عبور کرگیا تھا جس پر بھارتی بارڈرسیکیورٹی فورس نے اسے گرفتار کرلیا تھا۔

    شمعون کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف نے اسے دھوکے سے گرفتار کیا تھا، وہ بھارتی سرحد کے اندر واقع ایک مندر میں پوجا کرنے جانا چاہتا تھا جس کے لیے اس نے سرحد عبور کرنے سے پہلے بی ایس ایف کے اہل کاروں سے اجازت لی  اور پھر مندر میں گیا لیکن بی ایس ایف والوں نے اسے گرفتار کرلیا۔

    شمعون کا تعلق سندھ کے علاقہ تھرپارکر سے ہے، شمعون شادی شدہ اور تین بچوں کا باپ ہے۔ اس کی بیوی، دوبیٹے اوربیٹی 6 سال سے اس کی راہ دیکھ رہے تھے۔

    پاکستانی ہائی کمیشن نیو دہلی کی کوشش سے شمعون کو رہائی نصیب ہوئی اور وہ واپس اپنے وطن پہنچا ہے۔

    پاکستانی ہائی کمیشن نے سن 2019 میں قونصل رسائی کے تحت بھارت کی جے پور جیل میں شمعون سے ملاقات کی تھی جس کے بعد اس کی شہریت کی تصدیق اور پھر رہائی کے لیے اقدامات شروع کیے گئے اور بالاخر وہ وطن واپس پہنچ گیا ہے۔

    پاکستانی نوجوان کس سال غلطی سے بارڈر کراس کرکے انڈیا گیا اور گرفتار ہوا،  اس بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔