حادثے میں معذوری رکاوٹ نہ بن سکی، ٹریفک وارڈن نے ایم ایس کی ڈگری مکمل کرلی

    فوٹو: ایکسپریس نیوز

    فوٹو: ایکسپریس نیوز

     راولپنڈی: دوران ڈیوٹی نشے میں دھت ڈرائیور کی گاڑی تلے کچلا جانے والا ٹریفک وارڈن معذوری کے باوجود ہمت کی مثال بن گیا،  فرائض کی ادائیگی بھی جاری رکھی اور اعلیٰ تعلیم کا حصول بھی،ایم ایس ڈیولیپمنٹ سائنسز میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔ 

    سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے وارڈن عبدالرزاق نے 2007 میں سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کو جوائن کیا اور فرائض سرانجام دیتے رہے،  سال 2021 میں دوران ڈیوٹی تیز رفتار کار کو روکنے کی کوشش کی لیکن کار سوار وارڈن کو کچلتا ہوا نکل گیا۔

    حادثے میں عبدالرزاق کی ٹانگ  کئی جگہوں سے ٹوٹ گئی جس کے باعث وہ طویل عرصے تک زیر علاج رہا لیکن اس دوران عبدالرزاق نے ہمت نہ ہاری اور تعلیم کے میدان میں کامیابیوں کا تسلسل قائم  رکھا۔

    عبدالرزاق نے پہلے بین الاقوامی تعلقات میں ایم ایس سی کیا اور اب ذوالفقار علی بھٹو انسیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ایم ایس ڈیولیپمنٹ سائینز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

    ڈیوٹی اور معذوری کے باوجود شاندار کارکردگی پر سٹی ٹریفک پولیس کے افسران اور فورس نے عبدالرزاق کی شاندار کارکردگی پر انہیں خراج تحسین  کرنے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر میں تقریب منعقد کی۔

    دوران تقریب سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈن عبدالرزاق کی کامیابیاں پوری سٹی ٹریفک پولیس کی کامیابیاں ہیں،  دعا ہے کہ وارڈن عبدالرزاق زندگی کے ہر میدان میں کامیابی حاصل  کرے۔