پی پی 32 ضمنی انتخاب؛ الیکشن کمیشن کا پرویز الٰہی کے کاغذات نامزدگی وصولی کا حکم

    الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کے لیے پی پی 32 گجرات کے ریٹرننگ افسر کو پرویز الٰہی کے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا حکم دے دیا۔

    پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس ہوا جس میں پی پی 32 گجرات کے ریٹرننگ افسر کو ہدایت بھجوا دیں۔ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق درخواست ملی کہ نامعلوم افراد آر او کے دفتر میں بیٹھ کر کاغذات جمع نہیں کرانے دے رہے اور درخواست گزاروں کے مطابق آپ اپنے دفتر میں بھی نہیں تھے۔

    واضح رہے کہ پی پی 32 گجرات میں ضمنی انتخاب کے لیے پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرا الٰہی نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔

    درخواست میں موقف دیا کہ آر او پی پی 32 آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا جا رہا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن آر او اور ڈی پی او گجرات کو رکاوٹیں ختم کرنے کا حکم دے۔

    درخواست کے مطابق آر او کے دفتر گئے تو نامعلوم افراد نے کاغذات جمع نہ کرانے کے حوالے سے دھمکیاں دیں، آر او کے دفتر محاصرہ کر کے راستے بند کر دیے گئے ہیں، چوہدری پرویز الٰہی پی پی 32 سے بطور امیدوار الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرا الٰہی اور انکی ہمشیرہ ثمیرہ الٰہی کاغذات نامزدگی جمع کروانے الیکشن کمیشن دفتر پہنچی تھیں لیکن آر او کی عدم موجودگی کے باعث کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروا سکے تھے۔