لاہور میں حوالہ ہنڈی، غیرقانونی کرنسی کے لین دین میں ملوث ملزم گرفتار

    ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم سے امریکی ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ بھی برآمد کرلیے گئے ہیں—فوٹو: ایف آئی اے

    ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم سے امریکی ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ بھی برآمد کرلیے گئے ہیں—فوٹو: ایف آئی اے

     لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ملزم سلمان علی کو کینٹ لاہور سے ملحق علاقے سے گرفتار کیا گیا اور چھاپے کے دوران ملزم سے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزم سے 26 ہزار 700 امریکی ڈالر، 800 برطانوی پاونڈ اور 35 لاکھ پاکستانی روپے، موبائل فون اور حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکا، ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کارروائی کرنے والی ٹیم میں انسپکٹر مدثر نور، انسپکٹر خرم چیمہ اور کانسٹیبل راحیل شامل تھے۔