ویمن کرکٹر جویریہ خان کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    سابق کپتان ویمنز ٹیم کیلئے ون ڈے اور ٹی20 میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں (فوٹو: کرک انفو)

    سابق کپتان ویمنز ٹیم کیلئے ون ڈے اور ٹی20 میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں (فوٹو: کرک انفو)

    قومی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان اور بیٹنگ آل راؤنڈر جویریہ خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

    جویریہ نے 228 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان ویمنز ٹیم کی نمائندگی کی اور 4 ہزار 903 رنز بنائے جس میں 2 سنچریاں اور 25 نصف سنچریاں شامل تھیں جبکہ 28 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

    جویریہ خان کے 15 سالہ ون ڈے کریئر کا آغاز 6 مئی 2008 کو سری لنکا کے خلاف ویمنز ایشیا کپ میں کرونیگالا سری لنکا میں کیا تھا جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل کا آغاز 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں کیا۔

    جویریہ اس وقت پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں اور بسمہ معروف کے علاوہ ہر فارمیٹ میں 2 ہزار سے زیادہ رنز بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کرکٹر ہیں۔

    انہوں نے 50 اوورز کے 4 ورلڈکپ (2009، 2013، 2017 اور 2022) اور تمام 8 ٹی20 ورلڈکپ (2009، 2010، 2012، 2014، 2016، 2018، 2020 اور 2023 ) میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    جویریہ پاکستان ویمنز ٹیم اسکواڈ کا بھی حصہ تھیں جنہوں نے چین اور جنوبی کوریا میں منعقدہ 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔
    جویریہ نے 17 ون ڈے اور 16 ٹی20 میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتانی بھی کی۔انہوں نےخواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دو ایڈیشنز (2018 اور 2020) میں ٹیم کی کپتانی بھی کی۔

    کراچی میں پیدا ہونے والی 35 سالہ کھلاڑی نے گزشتہ سال اگست میں لاہور میں ہونے والے پی سی بی لیول 2 کرکٹ کوچ کورس میں بھی حصہ لیا تھا۔

    ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والی جویریہ خان نے کہا کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور یہی وقت ہے کہ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں تاہم میں لیگ کرکٹ کے لیے دستیاب رہوں گی۔ میں اپنے پورے کریئر میں ملنے والی حمایت پر شکر گزار ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان، ٹیم کی ساتھیوں، پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنے ادراے زیڈ ٹی بی ایل کا ہر قدم پر تعاون اور رہنمائی کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں اور اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جن کی حوصلہ افزائی نے مجھ میں بہترین کارکردگی کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا۔مجھے دنیا بھر میں پاکستان کا جھنڈا تھامنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے جس پر مجھے فخر ہے۔