وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا وفاقی حکومت کو ماننے سے پھر انکار

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایک بار پھر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کو ماننے سے انکار کردیا۔

    ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ فارم 45 اور 47 کی حکومت کو نہیں مانتے، شہباز شریف فارم 47 کے وزیراعظم ہیں اُن سے کیا بات کریں۔

    علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ’چوری کے مینڈیٹ والی حکومت کیا ڈلیور کرے گی؟‘۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر ڈونلڈ لو نے جھوٹا بیان دیا ہے اور سائفر کیس کے معاملے پر اب اسد مجید کو بلا کر بیان لینا چاہیے، اگر بیان کو دیکھا جائے تو پھر سائفر نہیں تھا، اس حساب سے عمران خان کو غلط سزا دی گئی۔

    واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور نے چند روز قبل وزیراعظم سے ملاقات کر کے وفاق کے ساتھ تعاون کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

    اُدھر سانحہ نو مئی توڑ پھوڑ کیس میں تھانہ بنی گالہ اور تھانہ گولڑہ کے مقدمات میں جاری وارنٹ کو عدالت نے منسوخ کر کے ضمانت میں 17 اپریل تک توسیع کردی۔