جے شاہ مزید ایک سال ایشین کرکٹ کونسل کی سربراہی سنبھالیں گے

     لاہور: جے شاہ مزید ایک سال ایشین کرکٹ کونسل کی سربراہی سنبھالیں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو اگلے سال ایشین کرکٹ کونسل کی چیئرمین شپ ملے گی۔

    ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کی سربراہی روٹیشن بنیاد پر سب ممبر ممالک کو ملتی ہے، بنگلہ دیش کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ کی باری تھی تاہم گزشتہ برس لنکن بورڈ کی رضامندی سے جے شاہ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی گئی۔

    اب ایک بار پھر سالانہ جنرل کونسل اجلاس میں سری لنکا نے دوسرے سال بھی اپنی باری کی قربانی دیتے ہوئے جے شاہ کو ہی ایک سال مزید عہدہ دیے جانے کی درخواست کی تھی جسے ممبر ممالک نے قبول کرلیا۔

    اس طرح، بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری 2024 میں بھی ذمہ داریاں سنبھالتے رہیں گے جبکہ 2025 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا سربراہ ان کی جگہ یہ عہدہ سنبھالے گا۔

    اجلاس میں ایشیا کپ ایجنڈے کا حصہ نہیں تھا، اس لیے اس کے میزبان پر باضابطہ طور پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی قائم مقام چیئرمین اور الیکشن کمشنر شاہ خاور کےساتھ چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کی۔

    The post جے شاہ مزید ایک سال ایشین کرکٹ کونسل کی سربراہی سنبھالیں گے appeared first on ایکسپریس اردو.