بھارتی ایجنٹس کی پاکستان میں شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ؛ چین کا ردعمل آگیا

    بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں شہریوں کے قتل کی رپورٹس کو نوٹ کیا ہے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارتی ایجنٹوں کی پاکستان میں شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ پر پاکستان کی فراہم کردہ معلومات قابل توجہ ہیں۔

    چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی کی پاکستان میں ایجنٹوں کے ذریعے ٹارگٹ کلنگ پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ کو نوٹ کیا ہے۔

    ترجمان وانگ وینبن نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا اور صرف ایک دوسرے پر جوابی کارروائی ہوسکتی ہے جو خطے میں امن کا مسئلہ پیدا کرسکتی ہے۔

    یہ خبر پڑھیں : حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں بھارت ملوث ہے جس کے ثبوت موجود ہیں، پاکستان 

    انھوں نے مزید کہا کہ چین تمام ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی کے تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ساتھ کھڑا ہے تاکہ مشترکہ طور پر ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کیا جا سکے۔

    یاد رہے کہ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ نے 25 جنوری کو پریس کانفرنس میں بھارتی انٹیلی جنس اہلکاروں پر پاکستان میں پاکستانی شہریوں کے قتل میں ملوث ہونے کے شواہد پیش کیے تھے۔

    The post بھارتی ایجنٹس کی پاکستان میں شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ؛ چین کا ردعمل آگیا appeared first on ایکسپریس اردو.