پختہ یقین ہے موجودہ سپہ سالار کی موجودگی میں کسی سازش کا امکان نہیں، شہباز شریف

     لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پختہ یقین ہے موجودہ سپہ سالار کے ہوتے ہوئے کسی سازش کا امکان نہیں ہے، ہرصورت میں نواز شریف وزیراعظم ہوں گے۔ 

    ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’کل تک‘‘ میں خصوصی گفتگو کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ کسی نے جرم کیا ہے تو اس کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا، قوم جس کو ووٹ دے گی ہم اس کو قبول کریں گے، آئی ایم ایف کی کڑوی گولی کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں تھا، لولی لنگڑی حکومت استحکام نہیں لاسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف قوم کو اکٹھا کرسکتے ہیں اور ان کے دل کی خواہش ہے کہ ماضی کو بھول کر آگے بڑھیں گے، قومی یکجہتی وقت کی ضرورت ہے، جس نے جرم کیا ہے اس پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ پولیٹیکل ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پی ٹی آئی کا چہرہ ایکسپوز کردیا، بانی پی ٹی آئی نے سستی شہرت کے لیے ریاست کو داؤ پر لگا دیا، موجودہ مہنگائی کی وجہ بانی پی ٹی آئی ہیں جنہوں نے چینی اور دیگرمعاملے میں کرپشن کیا۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا لیکن اس کی دھجیاں انہوں نے خود ہی اڑا دی تھیں، ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے میں ناکام رہے؟ سے متعلق سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ اسحاق ڈار بہت محنتی ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اپنی ذات کے لیے ہر چیز کرنے پر تیار تھے، آج وہ جیل میں ہیں اس لیے کوئی سخت بات نہیں کرنا چاہتا۔

     

     

    The post پختہ یقین ہے موجودہ سپہ سالار کی موجودگی میں کسی سازش کا امکان نہیں، شہباز شریف appeared first on ایکسپریس اردو.