پاکستان کے پہلے دو منزلہ انڈر پاس کا سنگ بنیاد لاہور میں رکھ دیا گیا

     لاہور: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 2 اسٹوری انڈر پاس بنیں گے۔

    وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن کے قریب اپنی نوعیت کے پہلے منفرد میگاپراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ 2 اسٹوری انڈرپاس پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا انڈر پاس ہوگا جس سے برکت مارکیٹ، کینال روڈ، جناح ہسپتال اور اقبال ٹاؤن کی طرف جانے والی ٹریفک مستفید ہوگی۔

    وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میگاپراجیکٹ کا نام رستم زماں دی گریٹ گاما کراسنگ رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہیرو ورلڈ چیمپئن گاما پہلوان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔

    لیول ون پرانڈر پاس برکت مارکیٹ سے کینال روڈ کی طرف جائیگا۔ لیول ٹوانڈر پاس جناح ہسپتال سے برکت مارکیٹ کی طر ف جائیگا۔

    یہ انڈر پاس700میٹر طویل ہوگا، لیول ٹو انڈرپاس 1.4کلومیٹر طویل ہوگا۔  بھیکے وال موڑ پر ایک یوٹرن اور کینال روڈ پر بھی ایک یو ٹرن بنایا جائیگا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ اس منصوبے کی مدت تکمیل 6ماہ رکھی گئی ہے لیکن امید ہے یہ منصوبہ وقت سے قبل مکمل ہو گا۔ چاہتا ہوں کہ یہ منصوبہ تین سے چار ماہ کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام اس بڑے منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ سی بی ڈی پنجاب کی ٹیم پہلی بار دہرا (Dual) یعنی کہ ایک ساتھ دو انڈرپاسز بنا رہی ہے۔ نیسپاک کی ٹیم بھی تعریف کی مستحق ہے جنہوں نے ایک خوبصورت ڈیزائن تیار کیا ہے۔