راولپنڈی میں مبینہ پولیس مقابلہ، فائرنگ سے 3 ملزمان ہلاک

    ملزمان نے چند ہفتے قبل نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے پراپرٹی ایڈوائزر کو 25 کروڑ تاوان کے لیے اغواء کیا تھا، پولیس (فوٹو: فائل)

    ملزمان نے چند ہفتے قبل نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے پراپرٹی ایڈوائزر کو 25 کروڑ تاوان کے لیے اغواء کیا تھا، پولیس (فوٹو: فائل)

    راولپنڈی: تھانہ روات کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ملزمان ہلاک ہو گئے۔

    ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ روات کے علاقے میں پولیس نے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 مشکوک ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انتہائی خطرناک و مطلوب اغواء کار گینگ کے ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، فائرنگ کے دوران گینگ کے سرغنہ سمیت 3 اغواء کار ہلاک جب کہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان میں گینگ سرغنہ سلمان اور اس کے دو ساتھی شامل ہیں جن کی شناخت کی جا رہی ہے، ہلاک ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں: بلوچستان : پشین اور قلعہ سیف اللہ میں انتخابی دفاتر کے باہر دھماکے، 27 افراد جاں بحق

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے چند ہفتے قبل نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے پراپرٹی ایڈوائزر کو 25 کروڑ تاوان کے لیے اغواء کیا تھا۔

    پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ خطرناک اغواء کار گینگ دوبارہ سے اغواء برائے تاوان کی منصوبہ بندی کے ساتھ علاقہ میں موجود ہے، واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، فرار ملزمان کی تلاش کے لئے علاقہ میں سرچنگ جاری ہے۔

    ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے۔