الیکشن کمیشن کا آدھے گھنٹے میں نتائج جاری کرنے کا حکم 

    ترجمان الیکشن کمیشن نے پہلے حتمی نتیجے کا اعلان کردیا—فوٹو: اسکرین گریب

    ترجمان الیکشن کمیشن نے پہلے حتمی نتیجے کا اعلان کردیا—فوٹو: اسکرین گریب

     اسلام آباد: ترجمان الیکشن کمیشن نے انتخابات کے پہلے غیرسرکاری مگر حتمی نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو آدھے گھنٹےمیں تمام نتائج جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ 

    ترجمان الیکشن کمیشن نے حتمی اور غیر سرکاری نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن میں اس وقت دو حلقوں کے نتائج موصول ہوئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پی کے- 76 پشاور 5 میں آزاد امیدوار سمیع اللہ خان نے کامیابی حاصل کی ہے جہاں ووٹرز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 433 ہے جبکہ 37.62 کی شرح سے 49 ہزار 825 ووٹ ڈالے گئے، اور انہوں نے 18 ہزار 888 ووٹ حاصل کیے اور یوں انہیں کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حتمی لیکن غیرسرکاری دوسرا نتیجہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے-6 سوات 4 سے موصول ہوا ہے جہاں سے آزاد امیدوار فضل حکیم خان یوسف زئی 25 ہزار 330 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے ہیں۔

    نتائج میں تاخیر سے متعلق صحافیوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نتائج جوں جوں آتے جائیں گے، اس سے آگاہ کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کا نظام کام کر رہا ہے اور یہ نتائج اسی نظام سے حاصل کرلیے گئے ہیں اور تاخیر کی وجہ انٹرنیٹ کا مسئلہ ہے۔

    خیبرپختونخوا: انتخابی نتائج  قومی اسمبلی 

    غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 2 امیدواروں نے کامیاب حاصل کرلی ہے۔

    پنجاب: انتخابی نتائج  قومی اسمبلی 

    غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ایک امیدوار نے کامیاب حاصل کرلی ہے۔

    سندھ: انتخابی نتائج قومی اسمبلی 

    غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق سندھ سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے پیپلز پارٹی کے دو امیدواروں نے کامیاب حاصل کرلی ہے۔

    غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضلع ٹنڈو الہیار کے حلقہ این اے 217 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نے فیصلہ کن کامیابی حاصل کر لی۔ تمام 331 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آنے کے بعد پیپلز پارٹی کے ذوالفقار بچانی 115,672 ووٹوں کی شاندار برتری کے ساتھ کامیاب ہوئے جبکہ GDA کی راحیلہ مگسی 69,234 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

    ’’فارم 45 ہر صورت جاری کیا جائے‘‘

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ابھی تک پورے ملک سے صرف 9ہزار پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہوئے ہیں جبکہ 81 ہزار پولینگ اسٹیشنز کے نتائج آنا باقی ہے اس کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ فارم 45 ہر صورت جاری کیا جائے۔

    علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو مراسلہ جاری کردی جس میں صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو آدھے گھنٹےمیں تمام نتائج جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آدھے گھنٹے میں تمام نتائج کا اعلان کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔