’’پاور شیئرنگ فارمولا‘‘ سے متعلق بلاول کے بیان پر اسحاق ڈار کا ردعمل

     لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ’’پاور شیئرنگ فارمولا‘‘ سے متعلق بیان پر کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کی تشکیل کردہ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا کوئی رکن بات چیت کے جاری عمل اور اس میں زیرغور نکات پر بیان بازی نہیں کرے گا۔

    واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے ٹھٹھہ میں منعقد عوامی جلسہ میں کہا تھا کہ ن لیگ نے شراکت اقتدار کیلئے تین اور دو سال کا فارمولہ دیا جسے میں مسترد کرتا ہوں۔

    بلاول بھٹو زرداری کے بیان کے بعد کوآرڈینیشن کمیٹی کے سربراہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں پارٹی کے اکابرین سے درخواست ہے کہ بات چیت کے لئے کمیٹیوں کے درمیان وضع کردہ ضابطے کی پاسداری کریں۔

    اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ فریقین کے درمیان ابھی تک حتمی نکات طے نہیں پائے اور مختلف تجاویز پر گزشتہ روز تک مشاورت جاری رہی، مشاورت کے چار دور مکمل ہو چکے ہیں اور کل بروز پیر دوپہر پانچویں نشست طے ہو چکی ہے جبکہ ‏کل کے اجلاس میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ‏مشاورت مکمل ہونے پر دونوں جماعتوں کا باضابطہ مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگا، دونوں جماعتوں میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مشاورت مکمل ہونے سے پہلے کوئی بات کرنا مناسب نہیں۔