مری: برف باری کے دوران سیاحوں کی مدد کرتے ہوئے ٹریفک وارڈن شدید زخمی

    مری میں برف باری کے دوران ٹریفک وارڈن زخمی ہوگیا—فائل: فوٹو

    مری میں برف باری کے دوران ٹریفک وارڈن زخمی ہوگیا—فائل: فوٹو

    مری: مری میں برف باری کے دوران سیاحوں کی مدد کرتے ہوئے ٹریفک وارڈن حادثے کا شکار ہو کر شدید زخمی ہوگیا۔

    ٹریفک وارڈن شاہد کو برف باری کے دوران سیاحوں کی مدد کرتے ہوئے پیش آنے والے حادثے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں وارڈن کو دو گاڑیوں کے درمیان پھنستے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ڈی ایس  پی ٹریفک مری ابرار سرور قریشی کے ہمراہ ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک وارڈن شاہد جیھکا گلی روڈ پر برف باری کے دوران  سیاح کی گاڑی کو پھسلنے سے روکنے کے لیے سڑک کنارے بیٹھ کر کھڑی  گاڑی کے ٹائر سے ہوا کم کرتے ہوئے سیاح کی  رہنمائی کررہا تھا کہ اچانک برف باری اور پھسلن کے باعث شہزور گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر پھسلتے ہوئے آکر ٹریفک وارڈن اور سیاح کی گاڑی سے جا ٹکرائی۔

    شہزور اور سیاح کی گاڑی کے ٹکر کے نتیجے میں ٹریفک وارڈن دونوں گاڑیوں کے درمیان پھنس کر رہ گئے، ویڈیو میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ وارڈن کا ساتھی شہزور گاڑی کو اچانک آتا دیکھ  کر شور مچاتا ہے۔

    ٹریفک وارڈن اپنے ساتھی کے شور پر بچنے کی کوشش کرتا ہے اور قریب کھڑے سیاح بھی ان کو بچانے کی کوشش کرتا ہے لیکن  ٹریفک وارڈن دونوں گاڑیوں کے درمیان پھنس جاتے ہیں۔

    سنگین حادثے کے دوران وارڈن کی ٹانگوں اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں تاہم انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔