لاہور سے سری لنکا پہنچنے والے طیارے کو چوہے نے 3 روز تک اُڑان سے روکے رکھا

    چوہے کی تلاش میں 3 دن طیارہ گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے ایئرلائن کمپنی کو بھاری مالی نقصان ہوا، فوٹو: فائل

    چوہے کی تلاش میں 3 دن طیارہ گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے ایئرلائن کمپنی کو بھاری مالی نقصان ہوا، فوٹو: فائل

    کولمبو: سری لنکا کے مسافر طیارے میں ادھم مچائے رکھنے والے چوہے نے 3 دن تک اس جہاز کو پرواز سے روکے رکھا۔ یہ طیارہ لاہور سے کولمبو پہنچا تھا۔ 

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ سری لنکا کی قومی ایئرلائن کے ایک طیارے میں پیش آیا۔ جس میں ایک چوہا نظر آنے پر پرواز معطل کردی گئی تھی۔

    سری لنکا کے قومی ایئرلائن کے اس طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا اور چوہے کی تلاش شروع کی گئی لیکن چوہے نے بھی عملے کو ناکوں چنے چبوا دیے تھے۔

    بالآخر تین دن کی دوڑ بھاگ کے بعد طیارے سے چوہا مردہ حالت میں مل گیا جس کے بعد طیارے کو پرواز بھرنے کی اجازت مل گئی تاہم 3 دن گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے ایئرلائن کو بھاری مالی نقصان ہوا۔

     

    رپورٹس کے مطابق طیارے میں چوہے کی موجودگی کا انکشاف اس وقت ہوا جب سری لنکن ایئر لائنز کی پرواز ایئر بس اے 330 لاہور سے روانہ ہوئی۔

    طیارے کے عملے نے بھی چوہے کو تلاش کرنے کی کوششیں کیں تاکہ یقینی بنایا جاسکے اس نے کہیں کوئی تار نہ کاٹ ڈالی ہو یا کسی آلے کو نقصان نہ پہنچا دیا ہو۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق طیارے میں چوہے کی موجودگی اس لیے بھی تشویش کا باعث تھی کہ وہ تاریں کتر کر اور آلات کو نقصان پہنچا کر طیارے کو خطرے سے دوچار کر سکتا ہے۔

    ایئر لائن کے عہدے دار کے مطابق چوہا ڈھونڈنے میں تین روز لگے اور وہ مرا ہوا ملا جس کے بعد طیارے کو پرواز کرنے کی اجازت دے دی گئی۔