کراچی پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 10 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا

      کراچی: سکھن، خواجہ اجمیر نگری، سائٹ سپرہائی وے اور گلبرگ پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 6 زخمی سمیت 10 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں۔

    ایکسپریس کے مطابق سکھن پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھینس کالونی روڈ نمبر 12 مکی شاہ مزار کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا جنہیں زخمی حالت میں جناح اسپتال لایا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت عرفان ولد اللہ داد، سعد اللہ ولد غلام نبی اور علی حسن ولد محمد حسن کے ناموں سے ہوئی، ملزمان سے دو پستول مع گولیاں، چھینے گئے موبائل فونز، نقدی رقم اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

    خواجہ اجمیر نگری پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب نرسری کٹ بابا موڑ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا  جنہیں زخمی حالت میں چھیپا ایمبولینس نے عباسی اسپتال منتقل کیا۔ ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ساجد علی ولد افتخار علی اور محمد سراج ولد محمد مقبول کے ناموں سے ہوئی ملزمان کے 2 ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، ملزمان سے تیس بور کے دو پستول مع ایمونیشن، موبائل فونز، نقدی اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں، گرفتار ملزمان کا کرائم ریکارڈ چیک کیا جارہا جبکہ ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد تفتیش کی جائے گی۔

    سائٹ سپرہائی وے پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب سپرہائی وے جمالی پل سروس روڈ سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، زخمی گرفتار ملزم کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت رحمت اللہ ولد امان اللہ کے نام سے کی گئی جبکہ دیگر دو گرفتار ملزمان نے اپنے نام اللہ نذر ولد عبداللہ اور عبد المالک ولد خدا رحیم بتائے ہیں، گرفتار ملزمان سے دو پستول مع ایمونیشن، موبائل فونز، نقدی اور دو موٹرسائیکلیں برآمد کیں۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان دس رکنی ڈکیت گینگ کے کارندے ہیں، کچھ عرصے قبل گرفتار ملزمان کا ایک ساتھی شہریوں کے ہاتھوں پکڑا گیا تھا، شہریوں نے پکڑے جانے والے ڈاکو کو کھمبے سے باندھ دیا تھا تاہم اسی دوران پکڑے جانے والے ڈاکو کے ساتھی آئے اور اسلحہ کے زور پر اسے چھڑا کر شہریوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے تھے، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، گرفتار ملزمان کے دو ساتھی نجیب اللہ اور صدام گزشتہ روز سی ٹی ڈی پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیے گئے تھے، ملزمان مختلف علاقوں میں متعدد اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کر چکے ہیں۔

    گلبرگ پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ریلوے پھاٹک کریم آباد بلاک 5 فیڈرل بی ایریا سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت 21 سالہ دلدار احمد ولد خلیل الرحمان کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے ملزم نے اپنا نام 19 سالہ حمزہ ولد خان بہادر بتایا۔ گرفتار ملزمان سے ایک ریوالور، ایک پستول مع گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی، گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔