پشاور ہائیکورٹ، سنی اتحاد کی مخصوص نشستوں کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر

    پشاور ہائی کورٹ کا لارجربینچ سماعت کرے گا—فوٹو: پشاور ہائی کورٹ ویب سائٹ

    پشاور ہائی کورٹ کا لارجربینچ سماعت کرے گا—فوٹو: پشاور ہائی کورٹ ویب سائٹ

     پشاور: پشاور ہائی کورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لیے دائر کی گئی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

    پشاور ہائی کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر سماعت کرے گا، لارجر بینچ میں جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس اعجاز انور، جسٹس عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس ارشد علی شامل ہیں۔

    قبل ازیں پشاور ہائی کورٹ نے  سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں الاٹ نہ کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر کل تک حکم امتناع جاری کردیا تھا۔

    پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، جمیعت علماء اسلام، ایم کیو ایم اور دیگر سیاسی پارٹیوں کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ ہم سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئے ہیں، مخصوص نشستیں الیکشن میں جنرل نشستوں کے تناسب سے دی جاتی ہیں لیکن سنی اتحاد کونسل کو نشستیں نہیں دی گئیں، الیکشن کے بعد بھی مخصوص نشستیں الاٹ کی جاسکتی ہیں۔

    پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے وکیل قاضی انور کے دلائل کے بعد کل تک حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے جواب طلب کیا اور سماعت کل تک ملتوی کردی تھی۔

    عدالت نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے نئے ارکان اسمبلی کو حلف اٹھانے سے روکتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اسپیکر مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے خواتین اور اقلیتی ممبران سے کل تک حلف نہ لیں۔